ہم جیل میں رہ کر بھرپور مقابلہ کریں گے، فائل فوٹو
ہم جیل میں رہ کر بھرپور مقابلہ کریں گے، فائل فوٹو

انسداد دہشتگردی عدالت،یاسمین راشد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

اسلام آباد(امت نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کےخلاف کیس میں وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی ایک اور مقدمہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی ، گلبرگ میں عسکری ٹاور پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے انکی ضمانت 24 جون تک منظور کی اور انھیں 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

یاسمین راشد کو اے ٹی سی لاہور میں میں پیش کیا گیا تھا، ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی ،تفتیش افسر نے کہا ڈاکٹر یاسمین راشد گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ہے ،استدعا ہے کہ تفتیش کیلئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی جبکہ نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں یاسمین راشد سمیت 34 ملزمان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر وکلاء سے دلائل طلب کرلئے اور سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ نے میاں محمود الرشید کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف حکومتی اپیل پر سماعت کی، عدالت نے آئندہ سماعت پر انسداد دہشت گردی عدالت کے تحریری حکم کی مصدقہ نقل پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے درخواست پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو درخواست پر تین دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ۔ اے ٹی سی لاہور نے عسکری ٹاور حملہ، جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں اعجاز چودھری کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز چو دھری کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی ۔اے ٹی سی لاہور نے جلاؤ گھیرا کے کیس میں خدیجہ شاہ،صنم جاوید ،نسیت و دیگر خواتین کی درخواست ضمانت پر 19 جون تک ملتوی کر دی ،عدالت نے دیگر خواتین کے وکلاء سے بھی آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ نے خدیجہ شاہ کی رہائی کے لیے درخواست پر سماعت فاضل جج کی مصروفیت کے باعث سماعت بغیر کاروائی کے ملتوی کردی۔جسٹس سید شہباز رضوی نے خواتین پر جنسی اور جسمانی کی تحقیقات کیلئے دائر درخواست مزید سماعت کیلئے چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ کو بھجوادی۔اے ٹی سی لاہور نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار مزید 8 خواتین کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،شناخت پریڈ کے بعد خواتین ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اے ٹی سی لاہور کے جج اعجاز بٹر نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی 46 کارکنان کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر وکلاء سے مزید دلائل طلب کرلئے ۔