کراچی(اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ نے میئر کراچی کے الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق پی ٹی آئی کے یو سی چیئرمین ذیشان عالم کی دائردرخواست پر کسی بھی یو سی چیئرمین کو غیر قانونی حراست میں رکھنے سے روک دیا ہے اور کہا ہے کہ الیکشن کے روز منتخب نمائندوں کی حاضری یقینی بنائی جائے درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سندھ پولیس نے یوسی چیئرمین کو غیر قانونی حراست میں رکھا اور ہراساں کر رہی ہے عدالت نے کسی بھی یو سی چیئرمین کو غیر قانونی حراست میں رکھنے اور ہراساں کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی درخواست پر جو احکامات جاری کئے ہیں انکا اطلاق اس درخواست پر بھی ہوگا،عدالت نے کہا کہ اگر کوئی ہراساں کر رہا ہے الیکشن کمیشن اس کے خلاف کارروائی کرے ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ہم نے پچھلے حکم نامے میں عدالت کو یقین دلایا ہے کہ جو گرفتار منتخب نمائندے ہیں ان کی الیکشن کے روزحاضری یقینی بنائیں گے کسی کی غیر قانونی حراست نہیں ہوگی اور حکومت ووٹ سے بھی کسی کو نہیں روکے گی عدالت نے درخواست نمٹادی۔