کراچی(اسٹاف رپورٹر)خام تیل لے کر آنے والے روسی بحری آئل ٹینکر سے تیل نکالنے کے لیے کراچی بندرگاہ کی گودی پر مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق روسی تیل بردار جہاز سے تیل نکالنے کے لیے کراچی کی بندرگاہ کی گودی(برتھ) پر مشینیں نصب کر دی گئی ہیں۔ جہاز سے 47 ہزار میٹرک ٹن تیل 24 سے 48 گھنٹے میں منتقل کیا جائے گا۔یہ تیل پی آر ایل کے ٹینکس میں براہ راست منتقل ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ شام روس کا پہلا تیل بردار جہاز کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا۔کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق پیور پوائنٹ نامی جہاز 45142 میٹرک ٹن تیل لے کر پہنچا ہے اور اس روسی آئل ٹینکر پیور پوائنٹ کو او بی ٹو پر برتھ کیا گیا ہے۔