کراچی (اسٹاف رپورٹر)سمندری طوفان کے اثرات کے باعث کراچی میں ہیٹ ویوجیسی صورتحال کے باوجود شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہری ذہنی اذیت کا شکارہوکرسڑکوں پرنکل آئے،کے الیکٹرک کا غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ کرنیکا دعویٰ بھی دھرا رہ گیا،کراچی میں شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈںگ پرعوام سراپا احتجاج بن گئے،لوڈ شیڈنگ کیخلاف آغا خان سوئم روڈ گارڈن میں کے الیکٹرک دفترکے سامنے شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک پردھرنا دیا اورکے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف نعرے بازی کی.
کورنگی لانڈھی،ملیر،گلستان جوہر،نارتھ ناظم آباد میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی جس پرشہریوں نے کے الیکٹرک کو سوشل میڈیا پرآڑے ہاتھوں لیا،دوسری جانب میراں ناکہ کے قریب مرزا آدم خان روڈ اوربہارکالونی کے مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی،لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے اثرات کے باعث کراچی میں شدید گرمی اورہیٹ ویو جیسی صورتحال میں بھی کے الیکٹرک کو صارفین کا کوئی خیال نہیں.
اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیساتھ 4 گھنٹے کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کرتے ہوئے دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچادیا گیا ہے،شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کے لائسنس میں توسیع نہ کی جائے اورکراچی میں دیگربجلی کمپنیوں کو بجلی سپلائی کا کام دیا جائے۔