روسی خام تیل کی پاکستان ریفائری کو منتقلی کا عمل جاری

روس (اُمت نیوز)روسی خام تیل کا بحری جہاز پیر پوائنٹس کے پی ٹی ٹرمینل پر لنگر انداز،روسی خام تیل کی پاکستان ریفائری کو منتقلی کا عمل جاری ہے۔ کے پی ٹی جنرل منیجر واجد حسین کا کہنا ہے کہ 45 ہزار 124 میٹرک ٹن میں سے اب تک 60فیصد خام تیل کی منتقلی کا عمل پورا ہوچکا ، کل صبح 10بجے تک مکمل خام تیل کی منتقلی پوری ہوجائے گی،183 میٹر لمبے روسی جہاز ’پیور پوائنٹ‘ میں 45 ہزار 124 میٹرک ٹن تیل لدا ہے،گزشتہ روز دن 10 بجکر 24 منٹ پر خام تیل کی منتقلی شروع ہوئی تھی ۔ واجد حسین کا مزید کہنا تھا کہ روسی جہاز سے خام تیل کی منتقلی پاکستان ریفائری کے ٹینکس میں کی جارہی ہے ،پاکستان ریفائری روسی خام تیل کو ریفائن کرے گا۔
دوسری جانب وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نےغیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی خام تیل کی ادائیگی چینی کرنسی میں کی گئی، ایک لاکھ ٹن خام تیل درآمد کرنے کیلئے ادائیگی اپریل میں کردی گئی تھی، معاہدے کےمطابق 45 ہزار ٹن تیل کراچی پہنچ چکا جبکہ باقی بھی جلد پاکستان پہنچ جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز وزارت پٹرولیم کے ذرائع سے دعویٰ کیا تھا کہ روسی تیل مارکیٹ میں آنے سے پٹرولیم مصنوعات 30 سے 40 روپے تک سستی ہو سکتی ہیں تاہم یہ آنے والے کچھ دنوں میں واضح ہو جائے گا، روس کا یہ پہلا جہاز ہے جو کہ 45 سے 50 ہزار ٹن تیل لے کر پہنچا ہے جبکہ ایک اور جہاز جلد ہی پاکستان پہنچے گا ، اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتاہے تو پاکستان رو س سے مزید سات لاکھ بیرل تیل خریدے گا ۔