لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ دس روز سے جیل کے چھوٹے کمرے میں بند ہوں، طبیعت ٹھیک نہیں۔
کمرہ عدالت سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیل میں پنکھا کبھی چلتا ہے، کبھی نہیں، میری طبیعت ٹھیک نہیں۔ گھر والوں سے ملاقات بھی نہیں کروائی جارہی۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ تحریک اںصاف چھوڑ رہے ہیں؟ جس پر پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مجھے ملنے نہیں دیا جا رہا، پریس کانفرنس کیسے کردوں؟
پرویز الہی نے مزید کہا کہ میری حالت دیکھ رہے ہیں، مجھے اس حالت میں پیش کیا ہے۔ 10 دن سے ایک ہی شلوار قمیص پہنی ہوئی ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے پاؤں سوجھ گئے ہیں، کارڈیالوجی میں ٹیسٹ بھی آدھے ہوئے ہیں۔