کراچی(اسٹاف رپورٹر )کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا معاملہ بھی سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا تاہم عدالت نے شادمان ٹاؤن کے رہائشی منور توفیق کی کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کے لئے دائردرخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی اور ریمارکس دئیے کہ دوبارہ اس قسم کی درخواست دائر کی گئی تو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا.
منگل کو سماعت کے موقع پر وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ شادمان ٹاؤن سیکٹر 14 بی اور دیگر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے کے الیکٹرک کی جانب سے شیڈول سے ہٹ کر بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ انسانی بنیادی حقوق اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے نیپرا کو کے الیکٹرک کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے کے الیکٹرک کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا جائے.
جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ کیا عدالت سے رجوع کرنے سے پہلے براہ راست نیپرا سے رجوع کیا گیا ہے وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ نیپرا کو درخواست نہیں دی مگر آئینی طور پر کے الیکٹرک کو عدالت غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کے لیے پابند کرسکتی ہے عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی اور کہا کہ دوبارہ اس قسم کی درخواست دائر کی گئی تو جرمانہ عائد کیا جائے گا۔