اسلام آباد(امت نیوز) وزیراعظم شہبازشریف صدرالہام علیوف کی دعوت پر14سے15جون کوآذربائیجان کا2روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دوران آذربائیجان کے ساتھ تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے وزراء کے وفد کا حصہ ہوں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف صدر الہام علیوف سے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر وسیع مذاکرات کریں گے جبکہ وہ کثیرالجہتی فورمز میں باہمی تشویش اور تعاون کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
بیان کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات سے جڑے ہوئے ہیں اور باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کے تبادلے سے مضبوط ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو اجاگر اور پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے باہمی فائدے کے لیے قریبی کثیر جہتی تعاون میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔