لاہور سے اورومچی کے لیے دوبارہ پروازوں کا آغاز

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملکی ایویشن اور پاکستان سے چین (ارومچی) جانے والوں کے لیے اچھی خبر، چائنا سدرن ائیرلائن کی لاہور سے اورومچی کے لیے دوبارہ پروازوں کا آغاز ہوگیا ۔ اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے شرکت کی ۔ سی او او/ایئرپورٹ منیجر نذیر احمد خان، سی ایس او اور ایئر لائن/جی ایچ اے کے نمائندے بھی شریک ہوئے.

چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کرنے میں تعاون پر ایئرپورٹ انتظامیہ اور دیگر ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا، چینی قونصل جنرل نے ایئر لائن اور مسافروں کے لیے لاہور ارمچی روٹ کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔چائنا سدرن ایئرلائنز نے 2020 میں کرونا کی وبا کی وجہ سے اپنا آپریشن معطل کر دیا تھا۔چائنا سدرن فلائٹ CZ-6017 صبح 7:52 پر لاہور پہنچی اور صبح 10:02 پر پرواز CZ-6018 ارمچی کے لیے روانہ ہوئی۔