کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے نے طوفانی ہواؤں کے چلنے پر آپریشن میں تبدیلی کی منصوبہ بندی کرلی ۔ پی آئی اے نے بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان اور اس سے بچنے کے ممکنہ اقدامات کرلیئے ہیں ، ترجمان پی آئی اے کے مطابق طوفان کے اثرات، ہوائی اڈوں اور ہوائی گزرگاہوں پر آج صبح 3 بجے شروع ہوں گے ،سمندری طوفان کے کراچی اور سندھ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے خطرے کے پیش نظر پی آئی اے نے حفاظتی ٹیمیں ترتیب دے دیں ۔متوقع تیز ہواؤں اور گردوغبار کی وجہ سے پروازوں کا رخ متبادل ائر پورٹس کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
کراچی اور سکھر کی پروازوں کیلئے خراب موسم ہونے کی صورت میں لاہور یا ملتان کو متبادل ائیر پورٹس کی حیثیت سے استعمال کیا جائے گا۔تیز ہوائیں اور جھکڑ کے باعث آج کراچی سکھر کراچی پرواز منسوخ کردی گئی ہے جبکہ کل کی پرواز کا فیصلہ موسم کی مناسبت سے لیا جائے گا ۔پی آئی اے نے کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی ریسپانس سنٹر کو فعال کردیا ہے جو لمحہ با لمحہ صورتحال کا جائزہ لے گا۔پی آئی اے نے ریمپ سیفٹی ٹاسک فورس بھی فعال کردی ہے جو آپریشنل ایریا پر موجود آلات اور جہازوں کی حفاظت کی ذمہ داری ادا کرے گی ۔
رن وے اور ایپرن کے اطراف کنٹنرز، ٹرالیز، ڈالیز، انجنیرنگ آلات اور ریمپ پر چلنے والی گاڑیوں کو محفوظ جگہ پر منتقل کیا جارہا ہے ۔زمین پر کھڑے تمام جہازوں کو پارکنگ چاکس لگائے جائیں گے تاکہ وہ ہواؤں اور آندھی سے محفوظ رہ سکیں۔مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ موسم کے متوقع خراب ہونے کی صورت میں ائر پورٹ آنے سے قبل اپنی پروازوں کے متعلق پی آئی اے سے ضرور رابطہ کریں۔