سمندری طوفان ’بائپر جوائےکی کراچی سے 350 کلومیٹر کے فاصلے پر سمت تبدیل

کراچی(اُمت نیوز)سمندری طوفان بائپر جوائے کی کراچی سے 350 کلومیٹر کے فاصلے پر سمت تبدیل ہونا شروع ہو گئی۔

نیشنل ڈیزاسٹر اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق سمندری طوفان بائپر جوئے کراچی سے350 کلو میٹر اور ٹھٹہ سے 360 کلو میٹر جنوب میں موجود ہے، 15 جون کو پاکستانی ساحلی پٹی سے ٹکرائے گا، 15 جون کی دوپہر شمال مشرق کی جانب رخ کرتے ہوئے کیٹی بندر اور بھارتی ریاست گجرات سے گزرے گا، طوفان سے ٹھٹہ ،بدین، سجاول تھرپاکر، کراچی میرپور خاص ،عمر کوٹ، حیدر آباد اورماڑہ ،ٹنڈواللہ یار خان اور ٹنڈو محمد خان کے علاقے متاثر ہوسکتے ہیں، ان علاقوں میں شدید آندھی ،تیز بارش اور سیلابی ریلوں کے بننے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 جون تک کراچی اور گردو نواع میں بارش کے امکانات ہیں، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری ہے، بادل چھائے ہوئے ہیں، شہر میں کالے بادلوں کا راج ہے اور دوپہر میں بارش برسنے کا امکان ہے۔

ترجمان ضلع وسطی پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں بائپرجوائے سائکلون اور ممکنہ بارشوں کی پیشِ نظر عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے حفاظتی اقدامات اٹھانے کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی کے لئے پولیس کی جانب سے مساجد میں اعلانات کرائے گئے، طوفان اور ممکنہ بارشوں کی پیشِ نظر عوام کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی، حفاظتی اقدامات کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے، عوام کو ضروری سامان جمع رکھنے اور بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے عوام کو چھتوں پر ٹن کی یا کھلی چیزیں رکھنے سے منع کیا جارہا ہے، پرندوں کے پنچرے اور دیگر سامان کے اوپر وزنی اشیاء رکھنے کا کہا گیا ہے، پینافلیکس، بل بورڈ ہورڈنگ ہٹانے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں، گٹر مین ہول یا تعمیراتی گڑہوں کو محفوظ بنانے یا اس کے ارد گرد نشانی لگانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، طوفان کے اوقات میں بلا ضرورت نکلنے خصوصاً بچوں کو باہر نکلنے سے روکنے کا بھی کہا گیا ہے، روشنی اور ضروری اشیاء خورد و نوش کا قبل از وقت انتظام کرنے کیلئے بھی عوام کو کہا گیا ہے۔