کراچی: شہر قائد کا میئر کون ہو گا، پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب یا جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن، فیصلہ کل 15 جون کو ہو گا۔ کراچی کی سٹی کونسل کے 367 والے ایوان میں تاحال پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے۔
کل ہونے والے الیکشن کے بعد 184 اراکین کی حمایت حاصل کرنیوالی جماعت یا اتحاد کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں فاتح ہو سکے گا۔
پیپلز پارٹی 155 سیٹوں کے ساتھ اکثریتی جماعت ہے جبکہ جماعت اسلامی 130 سیٹوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔ تحریک انصاف کے پاس 63 سیٹیں ہیں جبکہ مسلم لیگ نون صرف 16 سیٹیں حاصل کر سکی۔ دیگر چھوٹی جماعتوں میں جے یو آئی (ف) اور تحریک لبیک پاکستان ہیں جنہوں نے بالترتیب 4 اور ایک سیٹیں حاصل کیں۔
پیپلز پارٹی کو اکثریتی جماعت ہونے کے ساتھ ساتھ اتحادی پارٹیوں مسلم لیگ نون اور جے یو آئی (ف) کی حمایت بھی حاصل ہے جس کے بعد اس کی مجموعی طاقت 175 اراکین تک پہنچ جاتی ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل ہے جس کے بعد ان کی ایوان میں مجموعی طاقت 193 اراکین تک بڑھ جاتی ہے۔