اسلام آباد: وزیر اعظم شہبا زشریف نے کہا ہے کہ روس سے آنے والا تیل عالمی منڈی کے مقابلے میں 15 ڈالر سستا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے روس سے تجارت پر امریکا نے ان کی حکومت ہٹوائی، انہوں نے روس سے دمڑی کی چیز نہیں خریدی، روس سے تیل کی خریداری کے معاملات ہم نے طے کیے۔
راولپنڈی، اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے جھوٹ اور پراپیگنڈے میں قوم کا وقت ضائع کیا، گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑا اور معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن قبول کرلیں اور امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بند کیے گئے ترقیاتی منصوبے آج تکمیل کو پہنچ رہے ہیں، سائفر ، امپورٹڈ حکومت کا جھوٹ حقائق نے دفن کردیا، چیئر مین پی ٹی آئی کہتے تھے روس سے تجارت پر امریکا نے ان کی حکومت ہٹوائی، انہوں نے روس سے دمڑی کی چیز نہیں خریدی، روس سے تیل کی خریداری کے معاملات ہم نے طے کیے، روس سے آنے والا تیل عالمی منڈی کے مقابلے میں 15 ڈالر سستا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے الزامات لگائے، کرپشن کا کوئی ثبوت نہ دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیسز جھوٹے ہیں توعدالت جائیں اور بے گناہی ثابت کریں۔