کراچی (امت نیوز) شہرقائد میں میئراورڈپٹی میئرکے انتخاب کیلئے پولنگ کی جگہ تبدیل کردی گئی ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آڈیٹوریم کو نئے پولنگ اسٹیشن کیلئے نوٹیفائی کردیا ہے،اس سے قبل بلدیہ عظمی کراچی کے کونسل ہال کو پولنگ اسٹیشن بنایا گیا تھا،الیکشن کمیشن کے مطابق سمندری طوفان اوربارشوں کے پیش نظر آرٹس کونسل کو پولنگ اسٹیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیوںکہ بارشوں کے دوران ایم اے جناح روڈ اورکے ایم سی بلڈنگ کے پاس برساتی پانی کھڑا ہوجاتا ہے.
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے میئراورڈپٹی میئرکے الیکشن کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا ہے،15 جون کی صبح 9 بجے امیدوار اورووٹرزپولنگ اسٹیشن میں داخل ہوں گے، ووٹرزکو قومی شناختی کارڈ رکھنا ضروری ہوگا،پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے موقع پرکوئی ووٹر اپنے پاس موبائل فون نہیں رکھ سکے گا۔میئراورڈپٹی میئرکا انتخاب صبح ساڑھے 10 بجے شو آف ہینڈ سے ہوگا.
پہلے مرحلے پر میئرکا انتخاب ہوگا،دریں اثناء انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق بھی جاری کردیا ہے،جس کے مطابق تمام فریق نظریہ پاکستان،آزادی اورخودمختاری کیخلاف پروپیگنڈا نہیں کریںگے اورنہ ہی عدلیہ کی آزادی اورمسلح افواج کے تشخص کو نقصان پہنچائیں گے،تمام فریق انتخابی مواد اورعملے کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے تعاون کریں گے اورپولنگ کے اوقات میں کوئی فریق اپنے حامیوں کو ہنگامہ آرائی پراکسانے کی کوشش نہیں کریگا۔