لندن میں زیر تعلیم بھارتی طالبہ کو ساتھی نے چاقو مار کر قتل کردیا

لندن (نیٹ نیوز) بھارتی طالبہ کو اس کے فلیٹ میں ہی برازیلین ساتھی نے چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔ لندن میں اعلی تعلیم کے حصول کے لیے جانے والی بھارتی طالبہ کو اس کے فلیٹ میں برازیلین ساتھی نے چاقو مارکر قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد بھارت سے تعلق رکھنے والی تیجسوینی نامی 27 سالہ طالبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن گئی تھی، اور ملزم نے چند روز قبل ہی طالبہ کے ساتھ فلیٹ شیئر کیا تھا۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبہ کا برازیلین ساتھی منشیات کا عادی ہے، اور اس نے بھارتی طالبہ سے پیسے ہتھیانے کی کوشش کی، اور انکار پر اسے قتل کردیا۔

حیدرآباد میں مقتولہ تیجسوینی کے کزن وجے نے بتایا کہ تیجسوینی اپنے دوستوں کے ساتھ فلیٹ میں رہائش پذیر تھی اور گزشتہ برس اپنی ماسٹرڈگری حاصل کرنے کے لئے لندن گئی تھی، جب کہ ملزم برازیل کا شہری تھا، جو ایک ہفتہ قبل ہی تیجسوینی کے فلیٹ میں منتقل ہوا تھا۔

دوسری جانب لندن پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک 24 سالہ نوجوان اور23 سالہ لڑکی کو قتل کے شبہ میں گرفتار کیاگیا، تاہم لڑکی کو تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا، جب کہ نوجوان اب بھی پولیس کی حراست میں ہے۔

میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے ویمبلے کے اسی علاقے نیلڈ کریسنٹ میں ہی ایک دوسری واردات میں 28 سالہ خاتون کی چھری کے وار کر کے زخمی کردیا گیا ہے۔