اسلام آباد (امت خاص) اتحادی حکومت کے پہلے 9ماہ کے دوران وزرا نے بیرون ممالک کے 93 دورے کئے۔ سال 2022 میں کابینہ اراکین کے دوروں کی دستاویز ات کے مطابق بیرون ممالک دوروں پر ساڑھے آٹھ کروڑ روپےقومی خزانے سے ادا کئے گئے ۔ نو ماہ کے دوران وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سب سےزیادہ 18ممالک کے دورے کئے۔ بلاول بھٹو نے 9ماہ میں 3 امریکا، 3 یو اے ای کے دورے کئے تاہم وزیرخارجہ کے بیرون ممالک کے دوروں کے اخراجات کو ظاہر نہیں کیا گیا۔
دوسرے نمبر پر وزیرمملکت حناربانی کھر نے امریکا، یو اے ای، چین، سعودی عرب، فرانس اورقطرسمیت 11ممالک کے دورے کئے۔ وزیرمملکت برائے خارجہ حناربانی کھر کے گیارہ دوروں پر ایک کروڑ 26لاکھ 60ہزار 876روپے کے اخراجات آئے۔ اسی طرح وزیرمملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے 9ماہ میں 7ممالک کے دورے کئے جن پر 82لاکھ 87ہزار سے زائد کے اخراجات آئے۔وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے سات ممالک کا دورہ کیا ۔ دستاویزات کےمطابق نوید قمر کے دوروں پر 98لاکھ 24ہزار سے زائدخرچ ہوئے۔
وزیرمملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے چارممالک کے دورے کئے جن پر 70 لاکھ 36 ہزار روپے خرچ ہوئے۔مفتاح اسماعیل نے بطوروزیر خزانہ امریکہ اور قطر کے دورے کئے جن پر 20لاکھ 51ہزار سے زائد خرچ ہوئے۔وزیر مواصلات اسعد محمود نے سوئٹرزلینڈ اور روس کا دورہ کیا اورقومی خزانے سے37لاکھ 91ہزار روپے خرچ کئے۔ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار اسرار ترین نے پانچ ممالک کے دوروں پر 77 لاکھ 56ہزار روپے خرچ کئے جبکہ وفاقی وزیرشازیہ مری کے چار دوروں پر 15لاکھ 87ہزار خرچ ہوئے۔فیصل کریم کنڈی نے دوروں پر 27 لاکھ سے زائد خرچ کئے اسی طرح وفاقی وزیرصحت قادر پٹیل نے سوئٹرز لینڈ اورامریکہ کےدوروں پر 77 لاکھ 56ہزار روپے کے اخراجات کئے۔