کراچی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے سٹی کونسل ممبران کی ادارہ نور حق آمد شروع ہوگئی ۔ گرفتاریوں کے خدشے کے پیش نظر جماعت اسلامی نے منتخب اراکین کو گھروں پر نہ سونے کی ہدایت کی تھی ، جماعت اسلامی کے ذرائع نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے منتخب اراکین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ گزشتہ رات اپنے گھروں میں نہ رہیں اور صبح آٹھ بجے تک بہر صورت جماعت اسلامی کراچی کے مرکز ادارہ نور حق پہنچیں ۔ اس ضمن میں معلوم ہوا ہے کہ فجر کے بعد سے سٹی کونسل کے اراکین کی ادارہ نور حق آمد جاری ہے ، بیشتر خواتین اراکین کو صبح آٹھ بجے ادارہ نور حق پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ، جماعت اسلامی نے میئر کی ووٹنگ کیلئے مخصوص نشستوں کے انتخاب میں بھی اپنے تنظیمی ذمہ داران کو سٹی کونسل کا رکن منتخب کرایا تاکہ وہ کسی دباؤ میں نہ آئیں ۔