کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کہہ رہی ہے کہ مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا لیکن ہمارے ارکان کی تعداد 173ہے، اتنے ہی ووٹ ملے۔
ناصر شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں شرجیل نے کہا کہ جماعت اسلامی نے میئر کراچی کے الیکشن کے نتائج کے بعد افراتفری پیدا کی، ان سے کہتا ہوں آپ سے بڑے غنڈے بھی توبہ کرچکے ہیں۔
شرجیل میمن نے کہاکہ کراچی کے عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، شہر کے عوام نے مثبت سیاست کرنے والوں کو ووٹ دیا، عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، ماضی میں بھی کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی سے کہتا ہوں آپ سے بڑے غنڈے بھی توبہ کرچکے ہیں، بسیں بھر کر غنڈے منگوائے گئے، ان کے کارکنوں نے پولیس پر بھی پتھراؤ کیا، غنڈہ گردی کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔
انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے امن کا مظاہرہ کیا لیکن جماعت اسلامی نے انتخابی نتائج کے بعد افراتفری پیدا کی، ملک سے نفرت کی سیاست ختم ہونی چاہیے، جماعت اسلامی کو کراچی کی ترقی میں مدد کرنی چاہیے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی شکست یقینی تھی کیونکہ پی ٹی آئی ارکان نے پیپلزپارٹی کو بھی ووٹ نہیں دیا، اگر اثر و رسوخ استعمال کرتے تو پی ٹی آئی کے ووٹ بھی پیپلزپارٹی کو ملتے۔
صوبائی وزیر ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے الیکشن میں پیپلزپارٹی نے کامیابی حاصل کی۔ جماعت اسلامی کہہ رہی ہے کہ مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا لیکن ہمارے ارکان کی تعداد 173ہے، اتنے ہی ووٹ ملے۔