طوفان سے کیٹی بندر کی ساحلی پٹی سب سے زیادہ متاثر ہو گی، فائل فوٹو
طوفان سے کیٹی بندر کی ساحلی پٹی سب سے زیادہ متاثر ہو گی، فائل فوٹو

سمندری طوفان پاکستان اور بھارت کے مزید قریب آگیا

کراچی: بپرجوئے طوفان پاکستان اور بھارت کے مزید قریب آگیا،پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے سمندری طوفان پرنیا الرٹ جاری کردیا۔ طوفان کا آج شام تک کیٹی بندر اور انڈین گجرات سے گزرنے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق بپرجوئے طوفان کیٹی بندر کے ساحل سے صرف 130کلو میٹردورہے،طوفان ٹھٹھہ سے 210کلومیٹر اور کراچی کے جنوب سے 220کلومیٹر دورہے۔

بحیرہ عرب میں طوفان کے سبب 25سے 30فٹ بلند لہریں ریکارڈ کی گئی ہیں،بپرجوئے طوفان سے کیٹی بندر کی ساحلی پٹی سب سے زیادہ متاثر ہو گی،ٹھٹھہ سجاول بدین کے ساحلی علاقے بھی سمندری طوفان کی لپیٹ میں آئیں گے ۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق طوفان ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہواؤں کی رفتار 100 سے 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے جبکہ 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ بھی چل سکتے ہیں۔

ٹھٹھہ ،بدین اور دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے جھکڑ، ایمر جنسی نافذ، شہر قائد میں بوندا باندی، کیٹی بندر کو خالی کرا لیا گیا، گڈانی میں بھی لہریں انتہائی بلند، مزید موسلا دھار بارشوں کا خطرہ ہے۔

سمندری طوفان بپر جوائے کے تحت ٹھٹھہ کے علاقے کیٹی بندر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ  بارش جاری ہے، سمندر میں شدید طغیانی کے باعث لہریں بند سے ٹکرانے لگیں۔ادھر سجاول کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش شروع ہوئی۔ملیر، لانڈھی، سعود آباد، کلفٹن، ہاکس بے، ابراہیم حیدری اور نارتھ ناظم آباد میں بارش ہوئی۔کراچی کے مشرق میں سپر ہائی وے سے لے کر ساحلی پٹی تک گہرے بادل ہیں۔

ماہرین نے کہا کہ یہ بادل اسٹیل ٹاؤن، پورٹ قاسم اور آگے کے علاقوں میں بارش برسائیں گے۔