باکو(امت نیوز) آذربائیجان سے آئندہ ماہ سے رعایتی ایل این جی کارگو پاکستان آنا شروع ہو جائیں گے، وفاقی کابینہ نے آذربائیجان سے ایل این جی پاکستان لانےکی منظوری دے دی ہے۔ یہ بات وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے تحت وزیراعظم میاں شہباز شریف گزشتہ چھ ماہ سے اس ڈیل پر کام کر رہے تھے، آذر بائیجان کی قومی ایل این جی کمپنی ہر ماہ رعایتی قیمت پر ایک ایل این جی کارگو پاکستان بھیجے گی۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان اور آذربائیجان کا توانائی، زراعت، ٹرانسپورٹ، دفاع، سرمایہ کاری اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
اعلامیے کے تحت وزیراعظم میاں شہباز شریف اور آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آذربائیجان پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں تعاون کرے گا، آذر بائجان پاکستان کی تیل و گیس کے شعبے میں بھی مدد کرے گا۔