ممبئی (اُمت نیوز ) سمندری طوفان بپرجوائے نے بھارتی گجرات میں تباہی مچادی ، طوفان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے کے بعد بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔
بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپرجوائے سے بھارتی گجرات کے ضلع کچھ کے علاقوں جاکھو اور مانڈوی میں تیز ہواؤں اور شدید بارش سے مختلف درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں اور مختلف علاقوں میں 3 ہزار 672 سے زائد بجلی کے کھمبے گرنے سے طویل دورانیے سے بجلی منقطع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ریاست گجرات کے ساحلی اضلاع میں کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ 23 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ اس وقت بھی تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ریلوے نے 70 ٹرینوں کو منسوخ یا ان کا روٹ تبدیل کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان بپرجوائے کی کیٹیگری انتہائی شدید سے شدید میں بدل گئی ہے ، گجرات میں ہواؤں کی رفتار 115 سے کم ہو کر 105 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگئی ہے ، طوفان کے باعث راجستھان میں آج شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے ۔