اسلام آباد (اُمت نیوز) دفتر خارجہ نے یونان کے ساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں زندہ بچ جانے والوں میں سے 12 پاکستانیوں کی شناخت کی تصدیق کردی تاہم ابھی تک جاں بحق پاکستانی شہریوں کی تعداد اور شناخت کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نےآج ایک بیان میں کہا کہ یونان میں پاکستانی مشن سفیر عامر آفتاب کی سربراہی میں مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ جاں بحق ہونے اور زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت ، بازیابی اور امداد فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن 78 برآمد شدہ لاشوں کی شناخت کے عمل میں یونانی حکام کے ساتھ بھی رابطے میں ہے، یہ شناختی عمل قریبی خاندان کے افراد (صرف والدین اور بچوں) کے ساتھ ڈی این اے میچنگ کے ذریعے ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمت کشتی پر سوار ممکنہ مسافروں کے اہل خانہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ تصدیق کے مقاصد کے لیے یونان میں پاکستان مشن سے 24/7 ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں۔
ان سے یہ بھی درخواست ہے کہ وہ مستند لیبارٹریوں سے ڈی این اے رپورٹس اور مسافر کی شناختی دستاویزات [email protected] پر شیئر کریں۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے حکام کا کہنا ہے کہ یونان کے قریب ڈوبنے والی تارکین وطن کی کشتی سے 500 سے زائد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
خوفناک سانحہ میں لاپتہ ہونے والوں میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل تھی جس میں 78 افراد ہلاک ہوئے تھے، بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، ماہی گیری کی کشتی میں 750 افراد سوار تھے جو جنوبی یونان میں پائیلوس سے 50 ناٹیکل میل دورڈوب گئی تھی۔