ملتان (اُمت نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ کسی توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھے اور نہ ہی اس کے حق میں ہیں تاہم جہاں تھا وہیں کھڑا ہوں۔
ملتان سیشن کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھ پر ملتان میں پانچ کیسز درج کئے گئے، 9 مئی کے واقعات کی وجہ سے مجھ پر 13 دفعات لگائی گئیں جس میں سے ایک دفعہ بھی ثابت نہیں کی جاسکی۔
انہوں نے کہا کہ میں ملتان میں موجود ہی نہیں تھا اسلام آباد میں تھا، اسلام آباد میں گرفتار ہوا اور اڈیالہ جیل گیا، مقدمات ملتان میں درج ہو گئے، ان جھوٹے مقدمات سے انتظامیہ کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے جیل میں تھری ایم پی او کے تحت بند کیا گیا، 9 مئی کے واقعات میں کسی توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھا اور نہ اس کے حق میں ہوں۔