کراچی( اسٹاف رپورٹر )یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کے کئے بین الصوبائی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ اسلام آباد، کشمیر، منڈی بہاولدین، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، سرگودھا، فیصل آباد، پسرور، جہلم، سرائے عالمگیر اور دیگر علاقوں میں سرگرم انسانی اسمگلروں کے ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کے لئے ایف آئی اے افسران نامزد کر دئیے گئے ہیں۔یونان کشتی حادثے میں کئی پاکستانیوں کی ممکنہ ہلاکت کے پیش نظر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات کے لیے افسران کو نامزد کر دیا۔نامزد کئے گئے افسران میں انسپیکٹر ہادی پرستان، انسپیکٹر عبداللہ، انسپیکٹر وقار اعوان اور سب انسپیکٹر ارتضا انصر شامل ہیں۔ یہ افسران ایف آئی اے کے مختلف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز میں تعینات ہیں۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ’افسران کے موبائل نمبرز اور ای میل بھی شئیر کر دیے گئے ہیں۔ایف آئی اے کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات شیئر کرنے کے لئے مذکورہ افسران سے رابطہ کریں۔معلومات شئیر کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔