جماعت اسلامی کا 23 جون کوالیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کا اعلان

لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کاکہناہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا،الیکشن کمیشن نے اپنا وقار ختم کردیا،23 جون کو الیکشن کمیشن کے مرکزی دفتر پر بھرپور احتجاج کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ 173 ممبر رکھنے والے جیت چکے اور190 والے ہار جاتے ہیں، میئر کراچی انتخاب کا نتیجہ زورزبردستی سے بدلا گیا۔

سراج الحق کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی یہ مینڈیٹ ہضم نہیں کرسکے گی، 30 افراد کو لایا جائے اور دوبارہ میئر کراچی کا الیکشن کروایا جائے، دھاندلی کا جو نتیجہ نکلتا ہے پیپلزپارٹی اچھی طرح واقف ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ 3لاکھ ووٹ والے کو جتوایا اور 9 لاکھ والے کو ہروا دیا گیا،70کے الیکشن میں 81 ووٹ والوں نے 161 ووٹ کا مینڈیٹ نہیں مانا تھا۔ 1977ء میں امیدوار اغوا کر لیے گئے تھے، وہی تاریخ ایک دفعہ پھر دہرائی گئی.

سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی والوں کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی خواہش تھی کہ کراچی کا میئر ایک جیالا ہونا چاہیے۔ انھوں نے الزام عائد  کیا کہ یہ اغوا برائے تاوان کی طرح کارروائی کی گئی ہے۔ سوا تین کروڑ کی آبادی پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔‘

ان کاکہناتھا کہ پی ڈی ایم حکومت نے ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔پیپلزپارٹی 14 سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت اور نظام ناکام ہو چکاہے،غیریقینی صورتحال کی وجہ سے معیشت تباہ ہورہی ہے،ہر حکومت نے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا، پنجاب اور کے پی کی حکومتیں دفاتر تک محدود ہیں۔

اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ یونان کشتی سانحہ پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے، سیکڑوں نوجوانوں نے بہتر مستقبل کیلیے لاکھوں روپے خرچ کیے، کھلے سمندر میں جان سے گئے، گھر کی امیدیں بھی ان کے ساتھ ہی ڈوب گئیں۔