اسلام آباد(امت نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر احسن اقبال نے بجٹ پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں جتنا حصہ ہمارا ہے اتنا ہی تمہارا ہے، فیصلوں کی ذمہ داری سب پر عائد ہوتی ہے۔
اتحادی حکومت ختم ہونے کے دن جیسے جیسے قریب آرہے ہیں، اتنی ہی تیزی کے ساتھ ماضی کے ساتھی اب ایک دوسرے کے حریف بنتے جارہے ہیں، اور اتحادیوں نے ایک دوسرے پر لفظی گولا باری شروع کردی ہے۔
گزشتہ روز وزیر خارجہ اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ بجٹ پر وزیراعظم اور اتحادیوں پر تنقید کے تیر برساتے ہوئے کہا کہ اس بجٹ میں پیپلز پارٹی کا کردار کم ہے، اس میں بہت سی خامیاں ہیں، بجٹ میں سیلاب متاثرین کے لئے رقم نہیں رکھی گئی، اور وزیراعظم کی ٹیم میں موجود لوگ وعدے پورے نہیں کر رہے۔
دوسری جانب لیگی رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ احسن اقبال نے بھی بلاول بھٹو کے بیان پر جوابی باؤنسر مارتے ہوئے کہا کہ پالیسی کے کسی بھی فیصلے میں تمام اتحادیوں کی رائے شامل ہوتی ہے، بجٹ کی تیاری میں تمام اتحادیوں کو شریک رکھا گیا تھا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ میں جتنا حصہ ہمارا ہے اتنا ہی تمہارا ہے، اتفاق رائے سے بجٹ منظور ہوا، جو فیصلے اتفاق رائے سے کیے جاتے ہیں ان میں سب کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اسے قبول کریں۔
احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک کو سی پیک کا تحفہ دیا، لیکن 2018 میں جاری ترقی کے سفر کو سازش کے تحت روکا گیا، اور ایک اناڑی اور ناتجربہ کار شخص کو نااہل ٹولے سمیت پاکستان پر مسلط کردیا گیا۔