کراچی(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے کامیاب ہونے والے یونین کونسل چیئرمین اورمئیرالیکشن کا بائیکاٹ کرنے والے پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے رہنما اسد امان نے الزامات لگانے والوں کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیاہے۔ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کو کوئی نہیں خرید سکتا، میں پارٹی کا حصہ ہوں اور رہوں گا، الزامات لگتے رہتے ہیں، میں اپنے قائد کے مشن کے ساتھ کھڑا ہوں اور میں 9 مئی واقعے کے بعد سے گھر سے باہر ہوں اور کسی ڈیفنس کے بنگلے میں ںہیں ہوں۔
ہم پر خواہ مخواہ الزام لگایا جاتا رہا اور میں الزام لگانے والوں کے خلاف عدالت جاؤں گا،مجھے پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس دیا گیا ہے جس کا 3 روز میں جواب دے دوں گا۔ پارٹی کا فیصلہ مانیں گے اورسارے سوالات کا جواب بھی دوں گا کونسل اجلاس میں پیپلز پارٹی کے ساتھ نہیں بیٹھوں گا اوران کے ساتھ بیٹھنے کا سوال بھی پیدا نہیں ہوگا۔
پارٹی کا جو فیصلہ ہو گا اسے ہی مانوں گا اور فیصلے کا ساتھ دوں گا۔ واضح رہے کہ 15 جون کو کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 32 ارکان غیر حاضر تھے، جن میں سے 31 کا تعلق پی ٹی آئی اورایک کا تعلق ٹی ایل پی سے تھا۔