کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی ،پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے وڈیو بیان میں کہاہے کہ 15 جون کو کراچی میں میئر، ڈپٹی میئر کے انتخابات میں جو ہوا اچھا نہیں ہوا،ہمارے کچھ ممبران آ نہیں سکے یا آنے نہیں دیا گیا یہ ایک سوالیہ نشان ہے؟لیکن سب کو حق ملنا چاہیے جو بھی وجوہات ہیں نہ آنے کی،ہماری انصاف کی پارٹی ہے انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔
گزشتہ روز ہم نے ایک 11 رکنی کمیٹی قائم کی ہے، ہم نے اپنےغائب ہوجانے والے چیئرمین اور ممبران کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، تین دن جواب کے لئے دیئے گئے ہیں ،کیوں نہیں آسکے ان کو جواب دینا ہے، جن کو ہم نے سپورٹ کیا تھا 192 ووٹ کے باوجود وہ ہار گئے ، آپ لوگوں کو پورا حق دیا جاہا ہے اگر مطمئن نہ کر سکے تو کارروائی ہوگی اگر جواب نہیں آیا تو آئین اور قانون کے مطابق ڈی سیٹ بھی کیا جائے گا، ان لوگوں کی پارٹی میں جگہ نہیں جنہوں نے مشکل حالات میں ضمیر کا سودا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اکرم چیمہ ہمارے کراچی کے صدر وہ اس وقت جیل میں ہیں، کراچی کے لئے تنظیمی کمیٹی بنا دی گئی ہے،اپنے جوابات ہمارے پارلیمانی لیڈر مبشر حسن کے ذریعے ہمیں بھجوا دیں،جو بھی پوزیشن ہو آئین قانون کے مطابق ایکشن لیں گے،اگر جس نے جان بوجھ کر پارٹی سے بے وفائی کی ہے اسے پارٹی سے بھی نکال دیا جائے گا۔