کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی میں شراب خانہ کھولنے پر مکین مشتعل ہوگئے، شراب خانے میں توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی کے باعث پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ کرسچن محلے کے مکین شراب خانہ کے باہر پہنچے اور احتجاج کیا، شراب خانے کے عملے کی ہوائی فائرنگ پر مظاہرین مشتعل ہوگئے اور توڑ پھوڑ شروع کردی، پولیس پہنچی تو مظاہرین نے موبائل پر بھی پتھراو کیا، اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔ 5 گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، پولیس اہلکاروں نے بھاگ کر جان بچائی۔
پولیس کی بھاری نفری دوبارہ پہنچی، افسران نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ شراب خانہ اب نہیں کھلے گا، جس پر مظاہرین واپس چلے گئے۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ شراب خانہ کھولنے کا اجازت نامہ محکمہ ایکسائز نے دیا۔