پشاور؍بنوں؍ لکی مروت(امت نیوز) پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اتوار کی سہ پہر اچانک آندھی اور تیز بارش سے دیواریں اور چھتیں گرنے سے 4بچوں سمیت8 افراد جاں بحق اور50 سے زائد زخمی ہو گئے،2خواتین بھی شامل ہیں۔ چھتیں اور دیواریں گرنے کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے حادثات پیش آئے،ہسپتالوں میں ایمرجینسی نافذ کردی گئی ۔ بنوں میں2بچوں سمیت 4، لکی مروت میں بھی ایک بچہ جاں بحق ہوا ہے ۔شمالی وزیرستان میں ایک خاتون زندگی کی بازی ہار گئی ہے۔ پشاور میں بھی بچے سمیت 2 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا کے مطابق بنوں اور لکی مروت سے نقصانات کی زیادہ رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔شدید بارش کی وجہ سے بڈھ بیر ماموں زئی، بڈھ بیر گلبہار میں دیوار گرنے کا واقعہ پیش آیا ۔ نشتر آباد کامرس کالج کے ساتھ مسجد کا شیڈ گر گیا۔ اس کے علاوہ گورنر ہاؤس میں بھی درخت گرگئے۔ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ طوفان اور تیز بارشوں سے بنوں کے مختلف علاقوں سے دیواریں و چھتیں گرنے کی متعدد اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ للوزائ سورانی بنوں میں ایک خاندان کے 4 پھول جیسے بچے دیوار کے نیچے دب گئے۔ 2 بہن بھائی شہید اور دو تشویشناک حالت میں خلیفہ گلنواز ہسپتال میں زیر علا ج ہیں۔معمرخاتون گھر کی چھت گرتے دیکھ کردل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگئی۔ اتوارکے روزتین بجے کے قریب اچانک طوفانی بارش شروع ہوئی اورنصف گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش نے 10جون کی یاد تازہ کرتے ہوئے ایک بار پھر تباہی مچادی۔ بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں گھروں کی چھتیں اوردیواریں گر گئیں۔ درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور مختلف علاقوں سے ریسکیو1122کی ایمبولینسوں اور ذاتی گاڑیوں میں جاں بحق افراد کی لاشیں اورزخمیوں کو منتقل کیا گیا ۔الخدمت فائونڈیشن.پولیس جوانوں اور مختلف سماجی تنظیموں کے رضاکاروں نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔دو لاشیں اور10زخمی کے جی این ہسپتال، ایک لاش اور47زخمی ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال بنوں منتقل کیے گئے۔سابق ایم پی اے اعظم خان درانی،سابق تحصیل ناظم انجنیئرملک احسان اللہ خان اور ملک شیروز خان کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر بنوں سیدابرار علی شاہ موقع پر ہسپتال پہنچے اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کی۔چار مری میں بھی دیوار گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے۔ ضلع لکی مروت کی تحصیل نورنگ میں تیز بارش سے پولیس اسٹیشن کے سامنے برآمدہ کی چھت گر گئی جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ منجیوالا کے قریب تیز آندھی کی وجہ سے پشاور سے کراچی جانے والا ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا جس میں ایک شخص زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے کے زیادہ تر واقعات مضافاتی علاقوں میں پیش آئے ہیں۔طوفان سے پشاور کے علاقے بڈھ بیر ماموں زئی میں بھی گھر کی دیوار گرگئی جس سے خاتون اور بچہ زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پشاور میں گرد آلود آندھی کے باعث مختلف علاقوں میں درخت جڑوں سے اکھڑنے سمیت بورڈز گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تیز آندھی کے باعث بجلی بھی معطل رہی۔لکی مروت کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ۔سرائے نورنگ کے علاقے میں ایک بچہ جاں بحق اورسات افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثات چھتیں اور دیواریں گرنے سے پیش آئے ۔ جاں بحق اور زخمی سرائے نورنگ ہسپتال منتقل کردیئے گئے۔ ہنگامی صورت حال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا۔ مزید نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اورمتاثرین کو ریلیف کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔