ایبٹ آباد :- وزیراعظم ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی کا کھلاڑیوں کے ہمراہ گروپ فوٹو

بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے ، جاوید عباسی

ایبٹ آباد (نمائندہ امت) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے ۔گزشتہ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ پاکستان کی معیشت تباہ کرنیکی سازش تھی ۔اتحادی حکومت نے اس بجٹ میں فیصلہ کیا عوام کو مذید مہنگائی کی چکی میں پسنے نہیں دینگے عوام بہت جلد مزید خوشخبریاں سنیں گے۔ ملک کی قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کو آگے لے کر جانے کے لئے سب سے زیادہ
سرمایہ کاری نوجوانوں پر کرنا ہوگی۔نوجوانوں کو تعلیم اور صحت افزاء سرگرمیوں میں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ان میں صلاحیتیوں کی کمی نہیں ہے ان کو مواقع ملیں تو دنیا میں جرات مند قوم کا لوہا منوا سکیں گے۔گزشتہ نو سال میں خیبر پختونخوا میں جس کی حکومت تھی ان کے منشور میں شامل تھا تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کھیل کے میدان بنائیں گے لیکن نئے گراؤنڈ تو دور کی بات ایبٹ آباد میں جو گراونڈ ہیں وہ بھی بند کر دیئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پرائم منسٹر یوتھ ٹیلینٹ ہنٹ فٹبال کے ٹرائل کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں ڈاریکٹر سپورٹس شبانہ خٹک ،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک محبت اعوان ،خواتین ونگ کی ڈویژنل صدر شائستہ جدون کے علاوہ ضلع اور تحصیل کے عہدیداران بھی موجود تھے۔وفاقی وزیرمرتضی جاوید عباسی کا کہناتھا پرائم منسٹر یوتھ ٹیلنٹ میں کسی سفارش کی ضرورت نہیں ہے۔نوجوانوں کو بیرون ملک سے کوچز تربیت دیں گے اور ان کو بیرون ملک کھیلنے کے مواقع ملیں گے وفاقی وزیر کا کہنا تھا اتحادی حکومت نے بجٹ میں 135 ارب تعلیم کے لئے مختص کئے ہیں اگر ہم درسگاہوں اور تعلیمی اداروں پر توجہ نہیں دینگے تو نوجوان کیا کریں گے یہ لوگوں کے گریبان پکڑیں گے ۔اگر تعلیم کے زیور سے ان کی تربیت ہوئی تو یہ ملک کے محافظ بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت نے نوجوانوں کو گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔جو اپنا بہترین کاروباری پلان دے گا اس کے ساتھ حکومت مالی معاونت کرے گی اور اس رقم کی واپسی بھی نہیں ہوگی ۔

 

مرتضی جاوید عباسی