اسلام آباد/لاہور(اسٹاف رپورٹر/امت نیوز)حکومت نے یونان میں کشتی حادثے کے بعد پاکستانی نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر یورپ بھیجنے میں ملوث انسانی اسمگلرزکیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا۔گزشتہ روز ایف آئی اے اور پولیس نے اسلام آباد ،شیخوپورہ اورکھوئی رٹہ میں چھاپوں کے دوران یونان کشتی حادثے کے مرکزی ملزم سمیت انسانی اسمگلنگ میں ملوث 11 ایجنٹ دھر لئے ۔ایف آئی اے کے مطابق مرکزی ملزم طلحہ شاہ زیب کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے فاروق آباد کے رہائشی زاہد اکبر کو لیبیا بھجوانے کیلئے 65 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ادھر اسلام آباد کے علاقے جی 13 سے گرفتار ملزم آصف سے 17 پاسپورٹس ،ترکیہ اور کینیڈا کے جعلی ویزے برآمد کرلئے گئے ۔ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جب کہ دیگر شہروں میں بھی انسانی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق
یونان میں پیش آنےوالے کشتی سانحے میں زندہ بچنے والے 12 پاکستانیوں کے نام سامنے آگئے ۔جب کہ گجرات اور کھوئی رٹہ کے 100 نوجوان تاحال لاپتہ ہیں ۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے یونان میں کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی ہے اور آج ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق یونان میں کشتی حادثے میں کئی پاکستانیوں کی اموات کی تحقیقات کیلئے حکومت متحرک ہوگئی ۔وفاقی حکومت نے انسانی اسمگلنگ کے غیر قانونی دھندے میں ملوث گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ۔گزشتہ روز اسلام آباد ،شیخوپورہ ،کھوئی رٹہ آزاد کشمیر سمیت دیگر شہروں میں ایف آئی اے ،پولیس کی جانب سے کارروائیاں کی گئیں ۔ اس حوالے سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس میرپور آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود چوہان نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کھوئی رٹہ پولیس نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 10ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ڈاکٹر خالد کے مطابق مقدمے میں قتل بالسبب اور فراڈ کی دفعات شامل کی گئی ہیں، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔جب کہ اس حوالے سے ایس پی کوٹلی ریاض مغل نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ کچھ عرصہ قبل چوہدری ذوالقرنین ولد میر زمان قوم جاٹ ساکن دھناں حال مقیم لیبیا، شہباز ، طلعت، ساجد جنہوں نے مقامی ملزمان پر مشتمل انسانی اسمگلنگ کا منظم گروہ بنا رکھا ہے ۔ان اسمگلرز نےمتعدد افراد کو ورغلا پھسلا کر یورپ لے جانے کا جھانسہ دیکر بھاری رقم بٹوری اور 14 جون کو اویس طارق ، توقیر، ساجد ، محمد اسلام ، ساجد یوسف ، عبدالجبار، محمد سفیر،محمد یاسر، محمد عمران، شمریز ، علی صابر، نبیل ،سنیل ، آزاد ، فریاد، ناصر اقبال، آکاش گلزار ، رئیس رفتاج ، محمدا رشد ، خالد حسین ، حامد اقبال ، عدنان شبیر ، حسیب الرحمن نامی افراد کو کشتی جس میں 300 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی تاہم 800افرادسوار کروائے جو سمندری حدود میں اُلٹ گئی حادثہ میں عدنان شبیر اور حسین الرحمن زندہ بچ گئے جن کا کہنا ہے کہ ا ن کے علاوہ کشتی میں سوار تمام لوگ ڈوب گئے تھے ،ان میں کچھ کی لاشیں نکالی گئی ہیں جو ناقابل شناخت ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری تحصیل کے 24 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے کارندوں نوید یعقوب ، مہتاب، آصف خان ، بابر رشید، مناظر حسین ، ظفر محمود، ارشد محمود، سہیل اقبال، فرید خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے ،ان ملزمان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ادھر ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو بیرون ملک بھجوانے والے مرکزی کردار طلحہ شاہ زیب کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم طلحہ شاہ زیب کو شیخوپورہ سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے نے بتایاکہ ملزم نے فاروق آباد کے رہائشی زاہد اکبر سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے 65 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے زاہد اکبرکو لیبیا میں مقیم اپنے ماموں کے پاس بھجوایا تھا جبکہ ملزم طلحہ شاہ زیب کےوالدین اٹلی میں مقیم ہیں۔دریں اثنا ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کی بڑی کارروائی ، ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے لوٹنے والے اسمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ، ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم آصف خود کو غیر ملکی قونصل خانے کا ملازم ظاہر کرتا تھا اور اس نے متعدد شہریوں سے کینیڈا امیگریشن کے نام پر پیسے بٹورے ملزم کو خفیہ اطلاع پر اسلام آباد کے علاقے جی تیرہ سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 5 پاسپورٹ برآمد کر لئے گئے۔ملزم کے گھر کی تلاشی کے دوران بھی 12 پاسپورٹس، جعلی کینیڈین اور ترکش ورک ویزے برآمد کر لئے گئےملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ ہفتہ کے روز بھی ایف آئی اے نے پاکستانی نوجوانوں کو غیرقانونی طریقے سے یورپ بھیجنے والے ایجنٹ کو کراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔دریں اثنا یونان میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے سانحے میں زندہ بچ جانے والے 12 خوش قسمت پاکستانیوں کے نام سامنے آگئے۔زندہ بچ جانے والوں کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر، گوجرانوالا، گجرات، شیخوپورہ، منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ سے ہے۔پاکستانی سفارت کار کا کہنا ہے کہ بچنے والے پاکستانیوں میں کوٹلی کے محمد عدنان بشیر،حسیب الرحمن، گوجرانوالہ کے محمد حمزہ، ذیشان سرور اور گجرات کے عظمت خان اور عثمان صدیق شامل ہیں۔اس کے علاوہ شیخوپورہ کے محمد سنی اور زاہد اکبر، منڈی بہاؤالدین کے مہتاب علی اور سیالکوٹ کے راناحسین، عرفان احمد اور عمران آرائیں بھی زندہ بچ جانے والے خوش قسمت افراد میں شامل ہیں۔جب کہ کھوئی رٹہ اور گجرات کے 100 سے زائد نوجوان تاحال لاپتہ ہیں ۔لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کے گھر والے غم سے نڈھال ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے یونان کے قریب بحیرہ روم میں کشتی اُلٹنے کے واقعے کی انکوائری کی ہدایت کردی ہے، واقعے کی تحقیقات کیلئے4 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کےخلاف گھیراتنگ کرنے کا حکم دیتے ہوئےگھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کو گرفتار کرکے سزا دینےکی بھی ہدایت کردی۔وزیراعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعےمیں جاں بحق افراد اور زخمیوں کی معلومات اور سہولت کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔