اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کی مراعات میں غیرمعمولی اضافے کے بل کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
چیئرمین سینیٹ کیساتھ اب ان کے اہلخانہ کو بھی نجی ہسپتال میں علاج کی سہولت حاصل ہو گی ،چیئرمین سینیٹ کی رہائشگاہ کا کرایہ بڑھا کر اڑھائی لاکھ روپے ماہانہ کردیاگیا، چیئرمین سینیٹ بیرون ملک سفر میں خاندان کا ایک رکن ساتھ لے جاسکتے ہیں،چیئرمین سرکاری جہاز میں خاندان کے 4 افراد کو ساتھ لے جاسکتے ہیں اوراب چیئرمین سینیٹ کے اہلخانہ بھی سرکاری گاڑیاں استعمال کرنے کے حقدار ہوں گے۔ بیرون ملک سفر میں چیئرمین سینیٹ کو نائب صدر کا پروٹوکول ملے گا۔
دستاویز کے مطابق چیئرمین سینیٹ12 اہلکاروں پر مشتمل ذاتی عملہ رکھ سکتے ہیں، چیئرمین سینیٹ کے مکان کی تزئین و آرائش پر50 لاکھ تک خرچ کیے جا سکیں گے،چیئرمین سینیٹ18 لاکھ روپے تک صوابدیدی فنڈ بھی استعمال کر سکیں گے،نئے قانون کے تحت تمام سابق چیئرمین سینیٹ کو تاحیات اضافی مراعات ملیں گی،3 برس تک چیئرمین رہنے والے افراد بھی اضافی مراعات کے حقدار ہوں گے ، تمام سابق چیئرمین کو بھی اب سیکیورٹی کیلیے درجنوں اہلکار ملیں گے۔
واضح رہے کہ سینیٹ نے چیئرمین کی مراعات میں اضافے کا بل 16 جون کو منظور کیا تھا۔