لاہور: مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے ناقص کارکردگی والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ۔ چیف آرگنائزر مریم نواز مسلم لیگ (ن) سندھ میں تنظیمی تبدیلیاں کرنے کیلیے متحرک ہوگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پارٹی قیادت شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کی کارکردگی پر سخت نالاں ہے اور دونوں کو ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل روزانہ کی بنیاد پر اپنی سیاسی جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کر رہے ہیں، مفتاح اسماعیل کو پارٹی میں آکر اپنا مؤقف رکھنا چاہیے۔
چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ صوبائی صدر شاہ محمد شاہ اور جنرل سیکریٹری مفتاح اسماعیل کی کارکردگی مایوس کن رہی ہے، دونوں کو عہدوں سے ہٹا کر نئے لوگوں کو ذمہ داری دی جائے گی۔ مریم نواز نے فیصلہ کیا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو پارٹی عہدے سے الگ کر کے آئندہ کوئی اہم ذمہ داری نہیں دی جائے گی۔
سینئر نائب صدر مریم نواز نے سینئر رہنماؤں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب ن لیگ کے لوگوں نے دوسری جماعتوں میں شمولیت اختیار کی تو شاہ محمد شاہ اور مفتاح اسماعیل کیا کر رہے تھے؟ دونوں رہنماؤں نے اہم کارکنوں کو پارٹی کو خیرباد کہنے پر انہیں نہیں روکا، قیادت کو بھی آگاہ نہیں کیا گیا۔