غزہ: اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے جنین میں واقع پناہ گزین کیمپ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں4 نوجوان شہید جن میں 15سالہ لڑکا بھی شامل ہے، 45 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ جنین کے پناہ گزین کیمپ میں دو انتہائی مطلوب عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔
الجزیرہ ٹی وی کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے کیمپ پر دھاوا بول دیا، براہ راست گولہ بارود، سٹن گرینیڈ اور زہریلی گیس سے فائرنگ کی۔
ادھر فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے تشدد اور فائرنگ سے شہید ہونے والے تین نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ خالد درویش، 19 سالہ قاسم ساریہ اور 15 سالہ احمد صقر کے نام سے ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 29 زخمیوں کو بھی مختلف اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ 7 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔