کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آج ہمارے لئے خوشی کی بات ہے کہ پہلی بار کراچی میں پی پی کے میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہوئے، مرتضیٰ وہاب اور سلمان عبداللہ کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں دونوں عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ کراچی کے شہری پانچ سال بعد مجھ سے شہر کی کارکردگی کے بارے میں سوال کریں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے 9 مئی کے ملزمان کے ساتھ مل کر کراچی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جماعت اسلامی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرے، کوئی بھی وفاقی حکومت ہو مل کر کراچی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ اس ملک کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ آج ہم ان تمام شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم اپنی کامیابی کو اپنے شہدا کے نام کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری پارٹی ہمیشہ سے ہی عوام کیلئے کام کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ آج جو ہم پر دھاندلی کے الزامات لگارہے ہیں انہیں اپنی کارکردگی سے جواب دیں گے۔ چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ماضی میں یہ شہر ایک فون کال پر چلتا تھا، ہم تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ماضی میں پیپلز پارٹی کو کراچی میں میئر بنانے سے روکا گیاتھا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے معاملے پر ذاتی دلچسپی لوں گا۔ مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی کراچی گزشتہ تمام میئرز سے بہتر ہوگی۔سب کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل بیٹھ کر تمامسائل کا خاتمہ کریں۔ ملک کے تمام مسائل کا حل کراچی کی ترقی میں ہے۔الیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں کوئی بھی وفاقی حکومت ہو ہم ملک کے وسیع تر مفاد میں اس کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔