پشاور(امت نیوز) جنوبی وزیرستان کے رکن قومی اسمبلی علی وزیر کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ علی وزیر کے ڈرائیور بادشاہ پشتین کا کہنا ہے کہ علی وزیر کو ڈمڈیل چیک پوسٹ پر گرفتار کیا گیا۔
علی وزیر میران شاہ سے رزمک جارہے تھے، لیکن گرفتاری کے بعد انہیں دوبارہ میران شاہ منتقل کردیا گیا۔ ان کی گرفتاری کی تصدیق پیر کی سہ پہر قومی اسمبلی کے اجلاس میں محسن داوڑ نے بھی کی۔ محسن داوڑ نے کہا، ’ان دنوں، جب بھی میں بولتا ہوں، کسی نہ کسی کی گرفتاری کی بات کرتا ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آج صبح علی وزیر کو شمالی وزیرستان سے گرفتار کیا گیا، ابھی تک کوئی وجہ نہیں بتائی گئی‘۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتاری وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایوان کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ مسٹر اسپیکر، براہ کرم اس بارے میں کچھ معلومات حاصل کریں۔ اب تک تو یہ اغوا ہے’۔
قبل ازیں، 14 جون کو بروز منگل پشاور ہائی کورٹ نے رکن قومی اسمبلی اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما علی وزیر کی 45 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔