واٹر بورڈ کا اینٹی تھیفٹ سیل دو حصوں میں تقسیم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے بنایا گیا اینٹی تھیفٹ سیل دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا ، ضلع کورنگی ، لانڈھی ، ملیر ، بن قاسم ، شرقی اور جنوبی کیلئے سپرنٹنڈنگ انجینئر تابش رضا جبکہ ضلع غربی ، وسطی اور کیماڑی انچارج آپریشن محمد عامر کے سپرد کردیا گیا ، تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے غیر قانونی ہائیڈرنٹس اور پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے کارروائیوں کے سخت احکامات دیئے گئے ہیں ، اس ضمن میں چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر بلدیات کے ساتھ اہم میٹنگز بھی کی ہیں جس کے بعد پانی چوروں کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا ، واٹر بورڈ کی ٹیم کو ضلع غربی میں پانی مافیا کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا کیا گیا تاہم ہائیڈرنٹس توڑنے کی کارروائی جاری رہی اور پانی چوروں کے خلاف مقدمات کا اندراج کیا گیا ، معلوم ہوا ہے کہ سی ای او واٹر بورڈ سید صلاح الدین نے واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل کو پیر کے روز دو حصوں میں تقسیم کرنے کا حکم جاری کیا ہے ،

 

اس ضمن میں دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جس میں ٹیم ون کی سربراہی سپرنٹنڈنگ انجینئر تابش رضا کریں گے ، ان کے ساتھ ٹیم اراکین میں ندیم مقبول ، سہیل خان ، سدھیر احمد ، بدرالدین ، عمران خان ،خورشید مہدی ،ذیشان مصطفیٰ ،نقشاب صدیقی ، سید امجد علی ، سید ندیم قریشی ، فرقان الدین ، سید روشن،محمد ایوب خان شامل ہیں ، مذکورہ ٹیم ضلع کورنگی ، لانڈھی ، ملیر ، بن قاسم ، شرقی اور جنوبی میں کارروائیاں کرے گی اور سی او او اسد اللہ خان کو رپورٹ کرے گی ۔ ٹیم بی کی سربراہی انچارج آپریشن محمد عامر کے سپرد کی گئی ہے جس میں ان کے ساتھ ٹیم کے اراکین مرزا عبید ،محمد ارشاد علی ، خرم صدیقی ، سید کاشف رضی ، سید نصرت زیدی ، نصیر الدین ، محمد جاوید ، محمد کمال ،نفیس الغنی ، وکیل ، محمد عارف ، عمران اور حسنین عباس ہوں گے ، مذکورہ ٹیم ضلع غربی ، وسطی اور کیماڑی میں پانی کی چوری کی روک تھام اور غیرقانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائیاں کرے گی ، مذکورہ ٹیم چیف انجینئر ڈبلیو ٹی ایم کو رپورٹ کرے گی اور ہفتہ وار کارروائیوں کی بریفنگ سی ای او سید صلاح الدین کو دے گی ، دونوں ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی پولیس کے ساتھ ملکر پانی چوروں کے خلاف کارروائیاں کرے۔