کراچی (اسٹاف رپورٹر)ضلع غربی اور کیماڑی میں پانی چوروں نیٹ ورک مرکزی لائنوں تک پھیل گیا ۔پانی مافیا کے کارندوں نے 66 سے 24 انچ کی لائنیں چھلنی کررکھی ہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ واٹر بورڈ کے افسران کی ملی بھگت سے ضلع غربی اور کیماڑی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس برسوں سے چلائے جارہے ہیں جس کا نیٹ ورک اب مرکزی لائنوں کو چھلنی کررہا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ پانی کی غیر قانونی فروخت کا سب سے بڑا نیٹ ورک جمشید تنولی اور ایمل خان چلارہے ہیں ، پانی مافیا کے دونوں کارندوں نے 66 سے 24 انچ قطر کی مرکزی لائنوں میں نقب لگارکھی ہے ، واٹر بورڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق ضلع غربی اور کیماڑی میں 66، 48،33اور 24 انچ کی لائنوں سے زیبو گوٹھ ، مائی گاڑھی ، الطاف نگر ،کٹو گوٹھ اور لیمو گوٹھ میں نقب لگاکر کھڈوں کے ذریعے غیر قانونی ہائیڈرنٹس چلا ئے جارہے ہیں ، ایمل خان کا نیٹ ورک منگھوپیر سے ناظم آباد تک پھیلا ہوا ہے ، جبکہ خان ولد حسنین خان ، رئیس نازی ، امداد علی عرف سلطان کچرا والا کا غیر قانونی نیٹ ورک بھی غربی میں برسوں سے چل رہا ہے ، مذکورہ افراد کے خلاف پانی چوری کے مقدمات قائم کیئے جاتے رہے ہیں تاہم واٹر بورڈ افسران کی ملی بھگت سے توڑے جانے والے ہائیڈرنٹس آپریشن کے دوسرے روز ہی کھول دیئے جاتے ہیں ۔