کراچی(اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے مرتضیٰ وہاب کی میئر کراچی کی حیثیت سے تقرری کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر محمد عامر کی پٹیشن بھی میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کی درخواست کے ساتھ منسلک کردی ہے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ ایسی ہی درخواست حافظ نعیم الرحمان کی ہے جو پہلے ہی زیر التواء ہے وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار وکیل اور کراچی کا شہری ہے اس درخواست میں کچھ نکات نئے ہیں،اس میں 16جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کی تقرری کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے.
اس میں لوکل باڈیز ایکٹ میں کی گئی ترمیم کو چیلنج کیا گیا ہے یہ قانون 12مئی کو منظور ہوگیا جبکہ بل 15مئی کو تیار ہوا یہ واضح طور پر بدنیتی پر مبنی قانون ہے، بدنیتی ریکارڈ پر پیش کردی گئی ہے،عدالت نے درخواست کی سماعت 22جون تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 16جون کو الیکشن کمیشن کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کی میئر کی حیثیت سے تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے مرتضیٰ وہاب کے الیکشن لڑنے کیلئےجو قانون بنایا گیا ہے وہ آئین سے متصادم ہے۔