کراچی (امت نیوز)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکے شعبہ موٹر ٹرانسپورٹ میں 75 ڈرائیورز کو اچانک نوکری سے نکال دیا گیاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز تھرڈ پارٹی کنٹریکٹ کے تحت ملازم تھے۔ نکالے گئے ڈرائیور 15، 20 سال سے پی آئی اے میں کام کر رہے تھے۔ڈرائیورز کو تنخواہ میں صرف دو ہزار روپے اضافہ کے مطالبہ پر نکالا گیاہے۔
متاثرہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ہماری تنخواہ اس وقت ساڑھے 22 ہزار روپے ہے، ہم نے تنخواہ 24 ہزار 5 سو کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ انتہائی مہنگائی کے اس دور میں صرف دو ہزار روپے اضافہ کا مطالبہ کیا ہے۔ تنخواہ میں اضافہ کے مطالبہ پر ہمیں عید کے قریب نوکری سے نکال دیا گیا۔نکالے گئے ڈرائیورز پائلٹس اور فضائی میزبانوں کی پک اینڈ ڈراپ ڈیوٹی پر مامور تھے۔