عالم اسلام کی پہلی خاتون وزیراعظم بینظیربھٹو کی سالگرہ آج منائی جائیگی

کراچی (امت نیوز) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ آج  منائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم، شہید جمہوریت، دختر پاکستان محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی69 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے تمام صوبائی دفاتر اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جہاں سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے۔

بے نظیر بھٹوشہید پہلی بار1988 اور دوسری بار 1993 میں پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں، جمہوریت دشمن قوتوں نے27 دسمبر2007 کو بے نظیر بھٹو کو شہید کر دیا تھا۔

سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو 21 جون، 1953ء میں سندھ کے مشہور سیاسی بھٹو خاندان میں پیدا ہوئیں۔ 1988ء میں وہ تاریخ کی سب سے کم عمر اور اسلامی دنیا کے کسی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم منتخب ہوئیں۔ تاہم 20 ماہ بعد ہی ان کی حکومت کو برطرف کردیا گیا۔ بے نظیر بھٹو نے پسماندہ طبقات  کے لئے جدوجہد کی اور اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا کر عالمی دنیا میں عورت کو ایک منفرد مقام دیا۔