کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی تحلیل-چیئرمین شپ کیلئے ذکا اشرف کی راہ ہموار

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی کو ڈی نوٹیفائی کردیا، وزیراعظم کی طرف سے بورڈآف گورنرمیں نامزدگی سے چیئرمین کرکٹ بورڈ تعیناتی کے لیے ذکااشرف کی راہ بھی ہموارہوگئی۔تفصیلات کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ نے نوٹیفکیشن جاری کیاہے جس کے مطابق 19 اور 20 جون کی درمیانی شب پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کی مدت مکمل ہوگئی، پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی 19 جون شب 12 بجے سے ختم ہوگئی۔نوٹیفکیشن کے مطابق پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سمیت تمام ممبران غیر فعال ہو گئے، منیجمنٹ کمیٹی کو اب کوئی فیصلے کرنے کا اختیار نہیں۔ادھروزیراعظم شہباز شریف نے ذکا اشرف اور مصطفیٰ رمدے کو پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے نامزد کر دیا۔ نامزدگی کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیاہے، سمری بھی ارسال ہوگئی،پیٹرن اِن چیف وزیراعظم شہباز شریف نے دو ناموں کی منظوری کے بعد سمری وزارت بین الصوبائی کوبھجوادی ہے، پی سی بی قوانین کے تحت اب چیف الیکشن کمشنر گورننگ بورڈ کا ایک خصوصی اجلاس بلائیں گے جس میں نئے کرکٹ بورڈ سربراہ کا انتخاب ہوگا۔روایت کے تحت وزیراعظم کی جانب سے نامزد افراد میں سے ہی کسی ایک فرد کا چیئرمین پی سی بی کیلئے انتخاب ہوتا ہے۔سابق سربراہ ذکا اشرف کو ہی ایک بار پھر عہدے کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ گورننگ بورڈ میں 4 محکموں اور 4 ریجنل ایسوسی ایشنز کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔