اسلام آباد؍ پشاور(سٹاف رپورٹر؍ امت نیوز)پنجاب اورخیبرپختونخوا میں ہیٹ ویو شروع ہوگئی،محکمہ موسمیات پاکستان کی طرف سے5روزہ الرٹ جاری کیاگیاہے،درجہ حرارت میں 6ڈگری تک اضافہ ہوسکتاہے ،شدید گرمی کایہ سلسلہ 5 دن تک جاری رہے گا،اس کے بعد بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے،لولگنے سے بچنے کے لیے شہریوں کو احتیاطی تدابیراختیارکرنے کے علااوہ متعلقہ اداروںکو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پانچ دنوں کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں درجہ حرارت ’ہاٹ ڈے وارننگ‘ میں بڑھنے کا امکان ہے، درجہ حرارت میں 6ڈگر ی تک اضافہ ہوسکتاہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پنجاب کے اس پانچ روزہ ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق پانچ دن کے دوران پنجاب کے شمالی، وسطی اور مشرقی اضلاع میں نسبتاً کم لیکن جنوبی اور جنوب مغربی اضلاع اس مدت کے دوران ’ہاٹ ڈے وارننگ‘ میں رہنے کا امکان ہے۔چیف میٹرولوجسٹ لاہور چوہدری اسلم نے بتایا کہ محکمہ موسمیات نے 20 جون سے 24 جون کے درمیان ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔ یہ اس برس صوبے کی پہلی ہیٹ ویو ہے۔ اس میں صوبہ پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران آندھی اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور یہ سلسلہ 24 تاریخ تک جاری رہے گا، اس کے بعد یہ ہیٹ ویو ختم ہو جائے گی اور پھر پاکستان میں اس سال ہیٹ ویو شاید نہ آئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 24 جون کے بعد بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان میں ہیٹ ویو کے مہینے مارچ سے جون تک ہوتے ہیں جولائی میں مون سون شروع ہوتا ہے تو نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے لیکن درجہ حرارت اتنا اوپر نہیں جاتا۔ گذشتہ برس ہیٹ ویو مارچ میں شروع ہو گئی تھی اور ایک غیر معمولی صورت حال تھی جس میں وہ ہیٹ ویو جون تک گئی تھی اور تین ماہ تک پورا ملک اس کا شکار رہا۔ اس برس کی ہیٹ ویو کا گذشتہ برس کے درجہ حرارت سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس برس درجہ حرارت اس طرح سے نہیں بڑھا کہ ہیٹ ویو کی طرف جاتا۔ لاہور کا معمول کا درجہ حرارت اس ماہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ یہ درجہ حرارت ہیٹ ویو کے دوران چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ بڑھے گا۔ اسی طرح ملتان کا معمول کا درجہ حرارت 40 ہے تو وہ اس ہیٹ ویو کے دوران 46 ڈگری تک چلا جائے گا۔ درجہ حرارت میں چار سے چھ ڈگری کا اضافہ پورے پنجاب کو متاثر کرے گا۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان محمد تصور چوہدری نے بتایا کہ موجودہ ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمے نے پنجاب کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے کہ وہ اپنے انتظامات مکمل رکھیں۔ لوگوں کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی تشہیر کرتے رہیں۔ان کا کہناتھاکہ ہم نے پنجاب کے محکمہ صحت کو بھی مراسلہ لکھا ہے کہ ہیٹ ویو سے متاثر جو بھی مریض ہسپتالوں میں آئیں، ان کے لیے علیحدہ وارڈ ہوں اور انہیں فوری طبی امداد دی جائے۔ ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں۔ جو مزدور باہر کام کر رہے ہیں وہ دوپہر کے وقت کام نہ کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھی 20سے 24 جون تک گرمی کی لہر کا امکان ہےصوبے کے بیشتر علاقوں میں منگل کے روز سے دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کا امکان ہے۔۔اس دوران صوبے کے بعض حصوں میں دوپہر اوررات کے اوقات میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔دن کے اوقات میں تین سے پانچ سنٹی گریڈتک درجہ حرارت بڑھ سکتاہے۔ پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کر دیا۔مراسلے میں کہاگیاہے کہ گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائرپر پانی کے دباؤ کا سبب بن سکتے ہیں ۔ کسان فصلوں کے لیےپانی کا مناسب انتظام کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران عوام سورج کی روشنی میں باہر نکلتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بزرگ اور بچے 10 سےشام پانچ کے اوقات میں براہ راست سورج کی زدمیں نہ آئیں۔متعلقہ حکام سے کہاگیاہے کہ ہیلتھ؍میڈیکل سروسز، پیرا میڈیکس اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کو الرٹ اور ہیٹ اسٹروک سینٹر کو برقرار رکھنے کی ہدایت کریں۔مویشیوں اور پالتو جانوروں کی ضروریات کا خاص خیال رکھا جائے۔تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔۔عوام سفر سے پہلے اپنی گاڑی کے انجن میں پانی اور ٹائروں میں پریشر چیک کریں۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہماری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔