فائل فوٹو
فائل فوٹو

معافی ہم نہیں دے سکتے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس اہلکار کی نوکری سے برخاستگی کیخلاف دائر درخواست خارج کردی ، چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ معافی ہم نہیں دے سکتے،غلطی آپ کریں تو آپ کی مدد ہم کیسے کریں۔

نجی ٹی وی کے مطابق  سپریم کورٹ میں پنجاب پولیس اہلکار کی نوکری سے برخاستگی کیخلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی ۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ آپ نے نوکری کرنے میں دلچسپی ہی نہیں لی، جسٹس عائشہ ملک نے کہاکہ گھریلو معاملات کا مطلب یہ نہیں آپ نوکری نہ کریں، اتنے عرصے سرکاری کی نوکری سےغائب رہنا درست نہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ دوران ملازمت آپ 68بار محکمانہ کوتاہیوں کے مرتکب ہوئے، معافی ہم نہیں دے سکتے، عدالت نے قانون کے مطابق فیصلہ کرنا ہے ،غلطی آپ کریں تو آپ کی مدد ہم کیسے کریں۔

سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس اہلکار کی نوکری سے برخاستگی کیخلاف درخواست خارج کردی اور سزا کیخلاف درخواست گزار کی استدعا مسترد کردی۔