آئی پی پیز کو ماہانہ چارارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔ فائل فوٹو
آئی پی پیز کو ماہانہ چارارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔ فائل فوٹو

کراچی کے بجلی صارفین پر 1.52 روپے سرچارج لگانے کی منظوری

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)نےکے الیکٹرک کے صارفین پر ایک روپے 52 پیسے سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے صارفین پر ایک روپے 52 پیسے سرچارج عائد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک صارفین سے سرچارج 12 ماہ میں وصول کیا جائے۔

اجلاس میں کے الیکٹرک کیلیے 76 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے، آئی پی پیز کو آئندہ پانچ ماہ کی ادائیگی کیلیے فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی، آئی پی پیز کو ماہانہ چارارب روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

ای سی سی نے آزاد کشمیر کیلئے واجبات کی مد میں 56 ارب روپے کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی۔

فارما سیوٹیکل خام مال درآمد کرنے کیلئے امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم منظور کر لیں، حکومتی ایجنسیز فارماسیوٹیکل خام مال درآمد کر سکیں گی۔

وزارت تعلیم کیلئے 56 کروڑ 71 لاکھ کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ، تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کیلئے چارکروڑ روپے ایک اور گرانٹ منظور کی گئی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ ملازمین کے اخراجات کیلئے ایک کروڑ 40 لاکھ، رینجرز کے ہیلی کاپٹر کے مرمتی کاموں کیلئے ایک کروڑ 92 لاکھ کی تکنیکی گرانٹ، آئی بی کیلیے 15 کروڑ، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 50 کروڑ کی تکنیکی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔