عدم اعتماد سے انتخابی ڈاکے کا انتقام لیکر نالائق کو گھر بھجوایا،بلاول

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے چیئرمین، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ تحریک عدم اعتماد سے انتخابی ڈاکے کا انتقام لیا اور نالائق کو گھر بھجوادیا۔ پارٹی کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں، ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروز گاری سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری میں ککری اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر بلاول اور آصفہ بھٹو زرداری نے شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا اور ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، مئیر کراچی بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہلیان لیاری نے جنرل ضیاء کو للکارا، مشرف کو للکارا، بلدیاتی انتخابات میں لیاری نے کلین سوئپ کیا، آپ نے ثابت کیا کہ جب ایمپائر مداخلت نہ کرے تو پیپلز پارٹی جیتتی ہے، ہم نے ملکر مسائل کا حل نکالنا ہے، کراچی کے عوام کو صحت اور کھیل کا حق دلائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے، چاہتے ہیں نوجوانوں کو اسپیس دیں، کچھ سیاستدان نوجوانوں کو ورغلاتے ہیں، انہیں رد کرنا ہوگا، ہم نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ چاہتے ہیں لیاری کے نوجوان بھی ملک کی ترقی میں حصہ ڈالیں۔سہولت دیں تو ورلڈ کپ کا بندوبست لیاری کے بچے کریں گے، ککری گراونڈ میرے لیے اہمیت رکھتا، یہ گراونڈ بنا تو دیا، اب خیال آپ نے رکھنا ہے.

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بریفنگ میں بتایا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں 18000 اسکوائر فٹ کے نقشے پر کثیر المقاصد عمارت ہے، جس میں پارکنگ کی 45 جگہیں ہیں۔ گراونڈ شائقین کو 24 گھنٹے کھیلنے کا موقع فراہم کرے گا۔ انڈور باسکٹ بال کا مقام، 200 لوگوں کیلئے اسٹیڈیم، معذور افراد کیلئے چینج روم، کشادہ لاؤنجز، منیجر آفس، بڑی گیلریاں، جمنازیم، کیفے ٹیریا، داخلی راستے، ٹیبل ٹینس کورٹ، کراٹے جمنازیم، باکسنگ جمنازیم، لائبریری، مشین روم اور بہت کچھ سہولیات سے آراستہ ہے۔

دوسری جانب کراچی میں صفا یونیورسٹی کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں معاشی اور دیگر چیلنجز درپیش ہیں، سیاست سے نفرت اور تقسیم ختم کرنا ہوگی، بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا، ہماری منزل ترقی اور خوشحالی ہونی چاہیے، انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میرٹ پر یقین رکھتی، نوجوان فیصلہ سازی میں مواقع چاہتے ہیں، آج کا دور آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کا دور ہے، قیادت کیلئے نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا، نوجوانوں کو سائنسی علوم پر خصوصی توجہ دینا ہوگی، ناکامی کوئی آپشن نہیں۔