پیرس (نیٹ نیوز ) وزیراعظم شہبازشریف فرانسیسی صدر کی دعوت پر گلوبل سمٹ میں شرکت کیلئے پیرس پہنچ گئے۔ پیرس ایئر پورٹ پر پاکستانی سفیر، اعلی فرانسیسی حکام و سفارتی حکام نے استقبال کیا۔
وزیراعظم پیرس میں شیڈول گلوبل سمٹ میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کو فرانسیسی صدر ایمینول میکرن نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم گلوبل فنانسنگ پیکٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، جس میں 50 سے زائد ممالک کے سربراہان مملکت شرکت کر رہے ہیں۔
فرانس پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات طویل عرصے سے پالیسی سازوں اورعالمی رہنماؤں کا مطالبہ تھا، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات، بڑھتے ہوئے قرضہ جات اور توانائی جیسے چیلنجز نے خطرے کی گھنٹی بجائی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فرانس میں ہونے والی نیو گلوبل فنانسنگ پیکٹ سمٹ اس حوالے سے منفرد موقع فراہم کرتی ہے، عالمی مالیاتی اداروں کی تنظیم نو پر پاکستان کا مؤقف پیش کروں گا، جی 77 پلس چائنہ گروینگ میں پاکستان ایک اہم فریق ہے، سربراہ اجلاس عالمی مالیاتی نظام میں جامع اصلاحات کاموقع فراہم کرتا ہے۔
وزیراعظم فرانسیسی صدر ایمینول میکرن کی جانب سےعشائیے میں بھی شرکت کریں گے، اور پاکستان میں سیلاب اور قدرتی آفات سے متعلق فریم ورک فورم پرپیش کریں گے۔ جب کہ وہ مختلف ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔