لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے خدیجہ شاہ، یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت خارج کردی جبکہ 29 ملزمان کی ضمانت منظورکرلی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے مختلف درخواست ضمانت پر فیصلے جاری کر دیے۔
عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں خدیجہ شاہ اور فہمیدہ بیگم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
یاسمین راشد کی درخواست عدم پیروی اور اعجاز چوہدری کی عسکری ٹاور حملہ کیس میں درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی گئی۔
عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس میں 6 ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
ملزمان میں علی نواز ایڈووکیٹ، سجاول علی خان، علی احمد، زاہد پرویز، کاشف محمود اور مکرم طاہر شامل ہیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت گلبرگ تھانے میں گاڑیوں کو جلانے کے مقدمے میں شبنم جہانگیر، نیئر عرفان، محمد عثمان اور شعیب لطیف سمیت 23 ملزمان کی ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔