اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما غلام سرور خان نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلیے افواج پاکسّتان نے قربانیاں دیں۔ شہدا کی یادگاروں اور جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے ہیں۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کیا، کور کمانڈر ہاؤس پہ حملہ نہیں کیا بلکہ پاکستان کے دل پہ حملہ کیا اور پاکستانیت پہ حملہ کیا۔ اِن تمام ناپاک عزائم اور ناپاک اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بحیثیت محبِ وطن پاکستانی یہ مطالبہ ہے کہ 9 مئی کے واقعے میں ملوث افراد کو واقعی سزا دینی چاہیے۔
انہوں نے اعلان کرتےّ ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا بُرا ہوا، اِس بنا پر تحریکِ انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔